27 مئی ، 2024
ملکی سیاست میں واپسی کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد مکمل طور پر سیاست میں فعال ہوگئے ہیں۔
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنروں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ سیاست کا وسیع تجربہ رکھنے والے سردار سلیم حیدر کی صلاحیتوں کے نتیجے میں پنجاب میں سیاسی اور معاشی استحکام بڑھےگا۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے سردار سلیم حیدر سے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام اور معاشی بحالی کے لیےٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
سردار سلیم حیدر نے اس بات سے مکمل اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام ہی ملک کو مضبوط ترکرسکتا ہے۔
سابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گورنرخیبرپختونخوا سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا جس میں انہوں نے فیصل کریم کُنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
خیبرپختونخوا کے سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی اولین ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے امید ظاہر کی تھی کہ فیصل کریم کُنڈی کی سیاسی بصیرت کے نتیجے میں صوبے میں بہتر ہم آہنگی ممکن ہوگی۔
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی ملکی سیاست میں واپسی چند ہی روز پہلے ہوئی ہے اور وہ جلد وطن واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
24 مئی کو کراچی میں سینیئر صحافیوں سے آن لائن میٹنگ میں ڈاکٹر عباد نے کہا تھا کہ ان کے پاس دو آپشنز تھے، یا تو خاموش تماشائی بنا دبئی میں مقیم رہوں یا وطن واپس آؤں تاکہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کو سنوارنے میں کردار ادا کروں۔
تاہم ایم کیو ایم سے طویل عرصے سے لاتعلق رہنے والے ڈاکٹرعشرت العباد نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں یا اپنی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کررہےہیں۔