Time 14 جون ، 2024
صحت و سائنس

جسمانی کمزوری کا شکار بنانے والی عام غذا جس کا استعمال آج کل بہت زیادہ کیا جاتا ہے

جسمانی کمزوری کا شکار بنانے والی عام غذا جس کا استعمال آج کل بہت زیادہ کیا جاتا ہے
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ خود کو جسمانی طور پر مضبوط رکھنا چاہتے ہیں تو الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی کمزوری کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ موجودہ عہد میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں جب الٹرا پراسیس غذاؤں کو مختلف امراض کا باعث قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ان غذاؤں کو امراض قلب، ذیابیطس، موٹاپے، دماغی تنزلی اور کینسر کا خطرہ بڑھانے کا باعث قرار دیا جا چکا ہے۔

اب نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے جسمانی کمزوری کا خطرہ بڑھتا ہے، خاص طور پر خواتین میں۔

65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں جسمانی کمزوری کافی عام مسئلہ ہے جس کے نتیجے میں ان کے لیے روزمرہ کے کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے جبکہ گرنے سے انجری کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس کے لیے طبی زبان میں Frality کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کے دوران مسلز کی مضبوطی گھٹ جاتی ہے جبکہ دیگر متعدد جسمانی تبدیلیوں کا سامنا ہوتا ہے جن کے باعث روزمرہ کے کام مشکل ہو جاتے ہیں۔

اس تحقیق میں 63 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔

ان خواتین کی عمر تحقیق کے آغاز میں 60 سال تھی اور ان کی صحت کا جائزہ 26 سال تک لیا گیا۔

اس عرصے میں ہر 4 سال بعد ان سے غذاؤں کے استعمال اور طرز زندگی کی عادات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔

اس عرصے میں جسمانی کمزوری کے 15 ہزار 186 کیسز رپورٹ ہوئے اور محققین نے دریافت کیا کہ غذا اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ الترا پراسیس غذاؤں اور جسمانی کمزوری کے درمیان براہ راست تعلق موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ مصنوعی مٹھاس یا چینی سے بنے مشروبات کے استعمال سے اس مرض کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ دیگر الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال بھی یہ خطرہ بڑھاتا ہے۔

درحقیقت جتنی مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کیا جائے گا، جسمانی کمزوری کا خطرہ اتنا زیادہ ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے مقابلے میں سالم اناج کا استعمال جسمانی مضبوطی میں اضافہ کرتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج دی امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :