Time 14 جون ، 2024
صحت و سائنس

ذیابیطس اور کولیسٹرول جیسے دائمی امراض سے تحفظ کا نسخہ آپ کے کچن میں چھپا ہے

ذیابیطس اور کولیسٹرول جیسے دائمی امراض سے تحفظ کا نسخہ آپ کے کچن میں چھپا ہے
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ذیابیطس ایسا دائمی اور سنگین مرض ہے جس کا سامنا ہر 10 میں سے ایک فرد کو ہوتا ہے اور اس کے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

زیادہ تر افراد کو ذیابیطس ٹائپ 2 کا سامنا ہوتا ہے جو اس مرض کی سب سے عام قسم ہے اور 90 سے 95 فیصد کیسز میں اس کی تشخیص ہوتی ہے، اس سے ہٹ کر ذیابیطس ٹائپ 1 اور حاملہ خواتین میں ذیابیطس اس مرض کی دیگر اہم اقسام ہیں۔

ذیابیطس کی تمام اقسام میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ خون میں شکر کی مقدار بڑھ جانا جسے ہائی بلڈ شوگر کہا جاتا ہے۔

ہمارا جسم بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لیے انسولین تیار کرتا ہے۔

لبلبے میں بننے والا یہ ہارمون خون میں موجود گلوکوز خلیات کے اندر داخل ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

یعنی جب ہم کچھ کھاتے ہیں تو وہ غذا گلوکوز میں تبدیل ہوتی ہے جس کے ردعمل میں لبلبے سے انسولین ہارمون کا اخراج ہوتا ہے جو خلیات کے دروازے کھول کر گلوکوز کو توانائی میں بدلتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا بہت آسان ہے درحقیقت اس کا نسخہ آپ کے کچن میں ہی موجود ہے۔

جی ہاں واقعی لہسن کا زیادہ استعمال بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل نیوٹریشنز میں شائع تحقیق میں لہسن کے استعمال کولیسٹرول، بلڈ شوگر، ہیموگلوبن A1c اور خون میں موجود چکنائی پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق کے دوران ماضی میں ہونے والی 22 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان تحقیقی رپورٹس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1567 افراد پر مختلف کلینیکل ٹرائلز کیے گئے تھے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ لہسن میں موجود ایک مرکب allicin اینٹی بیکٹریل، اینٹی فنگل اور اینٹی وائرل ہوتا ہے اور اس سے کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔

محققین نے لہسن کو مختلف شکلوں میں جیسے سفوف، آئل، پاؤڈر کیپسول اور خام شکل میں استعمال کرایا گیا۔

کچھ افراد کو روزانہ 300 سے 22400 ملی گرام لہسن کا پاؤڈر استعمال کرایا گیا جبکہ دیگر کو 800 سے 4200 ملی گرام لہسن کا استعمال روزانہ کرایا گیا۔

ٹرائلز کے آغاز اور اختتام پر لیے گئے خون کے نمونوں کا موازنہ کیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ لہسن کے استعمال سے بلڈ گلوکوز، ہیموگلوبن A1c، کولیسٹرول اور چکنائی کی سطح میں کمی آتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ بلڈ گلوکوز اور ہیموگلوبن A1c کی سطح میں اضافے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

البتہ خون میں چکنائی کی سطح پر لہسن کے استعمال سے کوئی اثرات نہیں ہوئے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ لہسن کے استعمال سے آپ خود کو ذیابیطس، امراض قلب اور میٹابولک امراض سے بچا سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر غذا میں لہسن کا استعمال صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں :