15 جولائی ، 2024
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی بہت تیزی سے مختلف شعبوں کا حصہ بن کر عام افراد تک پہنچ رہی ہے۔
اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز نے دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت کو بڑھانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔
اپریل سے جون 2024 کے دوران دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے 6.5 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ بات اسمارٹ فونز کی فروخت پر نظر رکھنے والے ادارے آئی ڈی سی کی جانب سے جاری رپورٹ میں سامنے آئی۔
اس عرصے میں جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کے فونز سب سے زیادہ فروخت ہوئے اور اس کا مارکیٹ شیئر 18.9 فیصد رہا۔
دوسرے نمبر پر ایپل کے آئی فونز رہے جن کا مارکیٹ شیئر 15.8 فیصد رہا۔
تیسرے سے 5 ویں نمبر تک چینی کمپنیاں موجود ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 19 فیصد اسمارٹ فونز ایسے تھے جن میں اے آئی فیچرز موجود تھے اور لوگوں نے اس نئی ٹیکنالوجی میں کافی دلچسپی دکھائی۔
اس سے قبل جنوری سے مارچ 2024 کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت میں 7.8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
مگر 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایپل کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں گرفت کمزور ہوئی تھی اور آئی فونز کی فروخت میں 10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
تاہم اپریل سے جون 2024 کے دوران آئی فونز کی فروخت میں 1.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ چین میں ان ڈیوائسز کی فروخت بڑھنا ہے۔