Time 31 جولائی ، 2024
صحت و سائنس

وہ بہترین غذا جو آپ کو طویل عرصے تک جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے

وہ بہترین غذا جو آپ کو طویل عرصے تک جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے
ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا / فائل فوٹو

عمر میں اضافے کے باوجود خود کو جوان رکھنا چاہتے ہیں تو چینی کے استعمال سے گریز کریں اور صحت کے لیے مفید غذا کا استعمال کریں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامنز اور منرلز سے بھرپور غذا کا استعمال اور چینی سے دوری آپ کی حیاتیاتی عمر کو کم کرتی ہے۔

خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔

جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ غذاؤں کے استعمال سے حیاتیاتی عمر پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لوگوں کی غذا جتنی اچھی ہوگی، ان کے خلیات اتنے زیادہ جوان ہوں گے، مگر چینی کی معمولی مقدار کے استعمال سے بھی حیاتیاتی عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہ اولین تحقیقی رپورٹس میں سے ایک ہے جس میں چینی کے استعمال اور حیاتیاتی عمر میں اضافے کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا۔

اس تحقیق میں 342 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق میں شامل خواتین روزانہ اوسطاً 61.5 گرام چینی استعمال کرتی تھیں حالانکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 50 گرام سے زیادہ چینی استعمال نہیں کرنی چاہیے۔

اب خواتین کی غذاؤں کا موازنہ حیاتیاتی گھڑی کے افعال سے کیا گیا اور اس مقصد کے لیے لعاب دہن کے نمونے اکٹھے کیے گئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ وٹامن اے، سی، بی 12 اور ای، فولیٹ سلینیم، میگنیشم، غذائی فائبر اور دیگر منرلز پر مبنی غذاؤں کا استعمال حیاتیاتی عمر کی رفتار کو سست کر دیتا ہے۔

اس حوالے سے پھلوں، سبزیوں، زیتون کا تیل اور مچھلی کا استعمال بہترین قرار دیا گیا۔

تحقیق کے دوران چینی کے استعمال سے حیاتیاتی عمر پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال الگ سے کی گئی اور نتائج سے معلوم ہوا کہ چینی حیاتیاتی عمر کی رفتار کو بڑھا دیتی ہے اور صحت بخش غذاؤں کے باوجود لوگ قبل از وقت بڑھاپے کے شکار ہو جاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ہم پہلے سے جانتے ہیں کہ چینی کا زیادہ استعمال میٹابولک صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ روزانہ محض 10 گرام چینی کا کم استعمال بھی حیاتیاتی عمر کو ڈھائی ماہ تک ریورس کر سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Network Open میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل نومبر 2023 میں امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چند آسان عادات سے آپ بڑھاپے کی جانب سفر کی رفتار سست کر سکتے ہیں۔

اس تحقیق میں بتایا گیا کہ 8 عادات کو اپنا کر آپ جسمانی عمر میں اضافے کی رفتار کو سست کر سکتے ہیں۔

جسمانی وزن میں کمی، بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے جبکہ اچھی غذائی عادات اور نیند سمیت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے اور تمباکو نوشی سے گریز کرکے جسمانی عمر کی رفتار سست کی جا سکتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ان عادات سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔

مزید خبریں :