Time 05 اگست ، 2024
صحت و سائنس

طرز زندگی میں تبدیلیوں سے ڈیمینشیا سے تحفظ ممکن ہے، تحقیق

طرز زندگی میں تبدیلیوں سے ڈیمینشیا سے تحفظ ممکن ہے، تحقیق
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

دنیا بھر میں ہر 3 سیکنڈ میں ایک شخص دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا شکار ہوتا ہے۔

اس مرض کا ابھی کوئی علاج دستیاب نہیں اور ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ساڑھے 5 کروڑ افراد ڈیمینشیا کے شکار ہیں، یہ تعداد 2030 تک 7 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

مگر اب سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلی لاکر نہ صرف ڈیمینشیا سے بچنا ممکن ہے بلکہ اسے ریورس بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں 70 سال سے زائد عمر کے ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں الزائمر کی معمولی شدت کی علامات موجود تھیں۔

ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل غذا کے استعمال، ورزش کو معمول بنانے، روزانہ ایک گھنٹے مراقبے یا یوگا کی مشقیں کرنے اور لوگوں سے زیادہ ملنے جلنے کی ہدایت کی گئی

دوسرے گروپ کے طرز زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

5 ماہ بعد طرز زندگی میں تبدیلیاں لانے والے 70 فیصد افراد کے دماغی افعال میں بہتری دیکھنے میں آئی جبکہ دوسرے گروپ میں شامل افراد کے دماغی افعال زیادہ بدتر ہوگئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان افراد کے طرز زندگی میں مثبت تبدیلیوں سے دماغی صحت نمایاں حد تک بہتر ہوئی اور بیماری کی علامات غائب ہوگئیں۔

محققین کے مطابق تحقیق کے نتائج اس لیے دنگ کر دینے والے ہیں کیونکہ بہت مختصر وقت میں لوگوں کی دماغی صحت میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ طرز زندگی میں بڑی تبدیلیاں لانے سے ڈیمینشیا کے پھیلنے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل الزائمر ریسرچ اینڈ تھراپی میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل جولائی 2024 میں ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ محض 28 گرام پراسیس سرخ گوشت کے استعمال سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ 14 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں سرخ گوشت کی جگہ گریوں، دالوں اور بیجوں کو استعمال کرنے سے ڈیمینشیا کا خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں 2 بار سرخ گوشت کے استعمال سے ہی ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور اس سے زیادہ بار اس گوشت کا استعمال یہ خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اگر آپ عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ اور دل کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو سرخ گوشت کا استعمال کم از کم کریں۔

مزید خبریں :