08 اگست ، 2024
امریکی سرزمین پر قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کے حوالے سے مقامی اداروں نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
آصف مرچنٹ کراچی کے شہری ہیں ہے اور اس حوالے سے سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف رضا مرچنٹ کا کراچی میں اب تک کوئی کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اور نہ ہی ان کے پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کا پتا چلا ہے۔
اس حوالے سے دیگر تحقیقاتی ادارے بھی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
آصف مرچنٹ شادی شدہ اور دو بچوں کے باپ ہیں
آصف رضا مرچنٹ ولد حبیب مرچنٹ 18مئی 1978کو پیدا ہوئے ، وہ شادی شدہ اور دو بچوں کے والد ہیں۔
آصف مرچنٹ پاکستان میں انکم ٹیکس فائلر ہیں
روزنامہ جنگ جنگ کی خبر کے مطابق امریکا میں ایک سیاستدان یا حکومتی عہدیدار کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانی آصف رضا مرچنٹ پاکستان میں انکم ٹیکس فائلر ہیں۔
پاکستان میں ایف بی آر کے ریکارڈ میں ان کا شمار ایکٹو فائلر لسٹ میں ہے،ان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ بظاہر ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا ہے، انہوں نے ایک نجی یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔
آصف مرچنٹ سے متعلق دیگر تفصیلات سامنے آگئیں
پاکستانی اداروں نے آصف مرچنٹ کے حوالے سے ابتدائی اہم تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ دستیاب تفصیلات میں آصف مرچنٹ کی رہائش، زیر استعمال گاڑیاں، بینک اکاؤنٹس، ملازمتوں اور سفری ریکارڈ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے تین پاسپورٹوں پر 2 نومبر 2017 سے 8 اپریل 2024 تک متعدد مرتبہ ایران کا سفر کیا، آصف مرچنٹ دو نومبر 2017 سے 14 نومبر 2017 تک ایران میں رہا۔
رواں سال 15 جنوری کو آصف مرچنٹ نے کراچی ائیر پورٹ سے ایک بار پھر ایران کا سفر کیا
ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے 17 ستمبر 2023 سے 15 اکتوبر 2023 کا عرصہ بھی ایران میں گزارا، اکتوبر 2023 میں ایران سے واپسی کے بعد 21 نومبر کو آصف مرچنٹ نے امریکا کا سفر کیا۔
ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ 17 دسمبر 2023 کو امریکا سے واپس پاکستان پہنچا، رواں سال 15 جنوری کو آصف مرچنٹ نے کراچی ائیر پورٹ سے ایک بار پھر ایران کا سفر کیا۔
ریکارڈ کے مطابق ایران کے اس سفر سے آصف مرچنٹ کی واپسی 12 فروری 2024 کو ہوئی۔ یکم اپریل کو بھی آصف مرچنٹ نے کراچی سے ایران کے لیے پرواز لی۔
آصف مرچنٹ 8 اپریل کو ایران کے سفر سے واپس کراچی پہنچا، پاکستان سے آصف مرچنٹ نے 11 اپریل 2024 کو ترکی کے راستے مبینہ طو پر امریکا کا سفر کیا، آصف مرچنٹ کے کراچی گلشن اقبال اور جعفر طیار سوسائٹی میں دو گھر ہیں۔
آصف مرچنٹ نے کراچی کی نیو پورٹ انسٹی ٹیوٹ سے منیجمنٹ سسٹم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 2002 سے کراچی میں بینکنگ کیریئر کا آغاز کیا۔
ایک بینک ملازمت سے آصف مرچنٹ کو مبینہ کرپشن پر برطرف بھی کیا گیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بینک ملازمت سے آصف مرچنٹ کو مبینہ کرپشن پر برطرف بھی کیا گیا۔
آصف مرچنٹ کے زیر استعمال 4 پاکستانی موبائل نمبروں اور ایک انٹرنیشنل نمبر کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئیں۔ کراچی میں آصف مرچنٹ کے زیر استعمال 3 گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے، اس سلسلے میں مزید چھان بین جاری ہے۔