11 اگست ، 2024
اگر آپ انسٹاگرام کی ہر پوسٹ پر ایک سے زیادہ تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ کے لیے اچھی خبر ہے۔
اب آپ انسٹاگرام کی ہر پوسٹ پر 10 کی بجائے 20 تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کرسکتے ہیں۔
میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک پوسٹ پر زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کی جاسکتی تھیں۔
اس طرح کی carousel posts کا فیچر صارفین کے لیے 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
انسٹاگرام کی جانب سے زیادہ تصاویر پوسٹ کرنے کا آپشن ٹک ٹاک کو مدنظر رکھ کر دیا گیا ہے۔
حالانکہ ٹک ٹاک کو ویڈیو شیئرنگ ایپ مانا جاتا ہے مگر اس میں ابھی صارفین ایک وقت میں 35 تصاویر پوسٹ کرسکتے ہیں۔
درحقیقت ٹک ٹاک میں حالیہ مہینوں میں تصاویر کو پوسٹ کرنے کا رجحان بڑھا ہے۔
انسٹاگرام کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس نئی اپ ڈیٹ کا مقصد لوگوں کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے اور اس طرح وہ زیادہ اچھا مواد دوستوں سے شیئر کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔