Time 22 اگست ، 2024
صحت و سائنس

ناشتے کیلئے وہ بہترین غذا جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہو جاتا ہے

ناشتے کیلئے وہ بہترین غذا جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہو جاتا ہے
ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا کہا جاتا ہے / فائل فوٹو

ناشتے کو اکثر دن کی سب سے اہم غذا قرار دیا جاتا ہے مگر کیا واقعی یہ بات درست ہے؟

درحقیقت اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ ناشتے میں کیا کھانا پسند کرتے ہیں۔

اگر آپ کا ناشتہ میٹھی اشیا یا بہت زیادہ چکنائی پر مبنی غذا پر مشتمل ہوگا تو اس سے جسمانی وزن میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس کے مقابلے میں درست غذا کے انتخاب سے آپ کو جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

تو اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو ناشتے میں جو کے دلیے کا استعمال عادت بنالیں۔

ماہرین کے مطابق آپ کو جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے فائبر سے بھرپور کاربوہائیڈریٹس کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہے جس سے دن بھر کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے۔

جو کے دلیے میں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جبکہ پروٹین، فائبر اور صحت کے لیے مفید کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دلیے کے ایک پیالے سے جسم کو صحت کے لیے مفید پروٹین اور فائبر جیسے اجزا ملتے ہیں جبکہ اسے تیز رفتاری سے کھانا ممکن نہیں ہوتا یعنی آپ اچھی طرح چبا کر ہی اسے نگلتے ہیں، جس سے بہت جلد پیٹ بھرنے کا احساس ہونے لگتا ہے۔

جو کے دلیے میں موجود کاربوہائیڈریٹس کو ہمارا جسم توانائی میں تبدیل کر دیتا ہے جبکہ میٹابولزم اپنی مکمل گنجائش سے کام کرتا ہے جس سے کیلوریز کو جلانا آسان ہو جاتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔

اسی طرح فائبر سے بھرپور دلیہ سست روی سے ہضم ہوتا ہے جس کے باعث پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دلیے کو کھانے سے جسمانی توانائی زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے جبکہ میٹھا کھانے کی خواہش گھٹ جاتی ہے۔

فائبر وہ غذائی جز ہے جو نظام ہاضمہ کی اچھی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور جو کے دلیے کے استعمال سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے قبض جیسے عام مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :