28 اگست ، 2024
دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو سینے میں جلن کا سامنا ہوتا ہے خاص طور پر سونے کے وقت یہ مسئلہ شدت اختیار کر جاتا ہے۔
سینے یا گلے میں جلن کے احساس کا دل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
درحقیقت یہ تکلیف معدے میں موجود تیزابی سیال اوپر آنے کے باعث ہوتی ہے جس سے غذائی نالی متاثر ہوتی ہے۔
یہ بہت عام طبی مسئلہ ہے جس کا سامنا ہر عمر کے افراد کو ہو سکتا ہے۔
سینے میں جلن کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں مگر سونے سے کچھ دیر قبل کھانا اس مسئلے کا باعث بننے والی عام عادت ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق رات کے کھانے کے وقت اور سینے میں جلن کی شکایت کے درمیان تعلق موجود ہے۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس سے بچنا زیادہ مشکل نہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ سب سے اچھا تو یہ ہے کہ ہم خالی پیٹ بستر پر سونے کے لیے جائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب آپ کمر کے بل لیٹتے ہیں تو غذائی نالی میں موجود کھانا اوپر کی جانب جانے لگتا ہے جس سے سینے میں جلن محسوس ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ رات کا کھانا سونے سے 3 سے 4 گھنٹے قبل کھایا جائے کیونکہ اتنے وقت میں غذا ہمارے معدے سے نکل جاتی ہے۔
درحقیقت کھانے اور سونے کے وقت کے درمیان جتنا زیادہ فاصلہ ہوگا، معدہ اتنا زیادہ خالی ہوگا۔
اسی طرح لیٹنے کے بعد بہتر ہوگا کہ بائیں پہلو کی کروٹ پر سونے کی کوشش کریں۔
اس کروٹ پر لیٹنے سے نظام ہاضمہ میں اس طرح کا خم آتا ہے جو معدے میں موجود تیزابیت کو سینے میں منتقل نہیں ہونے دیتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ اس پوزیشن میں سونے سے غذائی نالی میں تیزابیت کی شرح میں 71 فیصد تک کمی آتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔