03 ستمبر ، 2024
کینیڈا میں پنجابی گلوکار و ریپر امرت پال( اے پی) سنگھ ڈھلون کی رہائش گاہ کے باہر مبینہ طور پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو کینیڈا کے شہر وینکوور میں پنجابی گلوکار اے پی ڈھلون کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی۔گلوکار بالکل محفوظ رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنانے کے الزام اور بالی وڈ اداکار سلمان خان کو مسلسل قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے لارنس بشنوئی گینگ کے رکن روہت گودارا نامی شخص نے مبینہ طور پر اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مبینہ طور پر ایک شخص رات کے وقت گھر کے باہر کھڑا ہوکر فائرنگ کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کاکہنا ہے کہ جس گھر کے باہر فائرنگ کی گئی وہ مبینہ طور پر پنجابی گلوکار اے پی ڈھلون کی رہائش گاہ ہے۔ تاہم اس ویڈیو میں نظر آنے والے مقام کی واضح تصدیق نہیں کی جاسکی۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ایک مبینہ پوسٹ بھی گردش کر رہی تھی جس میں لارنس بشنوئی گینگ کے رکن روہت گودارا دعویٰ کر رہا تھا کہ فائرنگ کینیڈا کے دو مقامات وکٹوریہ آئی لینڈ اور ووڈ برج ٹورنٹو میں ہوئی۔
اس مبینہ پوسٹ میں کہا گیا کہ اے پی ڈھلون کی جانب سے اپنی حالیہ میوزک ویڈیو (Old Money)میں بالی وڈ اداکار سلمان خان کو شامل کرنے پر بشنوئی گینگ نےگلوکار کے گھر کے باہر فائرنگ کی۔ اس پوسٹ میں گلوکار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
یہاں یہ بات واضح کی جائے کہ گزشتہ ماہ اے پی ڈھلون نے اپنی نئی میوزک ویڈیو Old Money کو ریلیز کیا تھا جس میں سلمان خان اور سنجے دت بھی شامل تھے۔اس گانے کو فینز کی جانب سے کافی پسند بھی کیا گیا۔
سکیورٹی ایجنسیاں اس مبینہ پوسٹ میں کیے گئے دعوؤں کی تصدیق اور ویڈیو کا تجزیہ کر رہی ہیں۔ تاہم اے پی ڈھلون نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا کی پولیس کی جانب سے بھی اس واقعے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
گزشتہ سال نومبر میں گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کینیڈا میں گلوکار گپی گریوال کے گھر پر مبینہ فائرنگ کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔
یاد رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
سلمان خان اور ان کے والد کو ایک دھمکی آمیز خط بھی موصول ہوا تھا جس میں لکھا تھا کہ ' تمہارا حال موسے والا جیسا کر دوں گا'۔بعد ازاں رواں برس اپریل میں ممبئی میں سلمان کی رہائش گاہ پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی تھی۔