11 ستمبر ، 2024
بھارتی ادارے ہورون انڈیا کی رچ لسٹ میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بھی متعدد شخصیات شامل ہیں جن میں شاہ رخ خان سرفہرست ہیں تاہم امیر ترین بھارتی اداکارہ کے نام نے سب کو حیران کردیا ہے۔
ہورون انڈیا رچ لسٹ 2024 کے مطابق بھارت میں امیر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت میں ایک ہزار 539 افراد ایسے ہیں جن کے پاس ہزار کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 220 مزید افراد اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔
ہورون انڈیا رچ لسٹ کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق کنگ خان 7300 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کے ساتھ بھارت کے سب سے امیر اداکار ہیں۔
تاہم بھارت کی امیر ترین اداکارہ نہ تو ایشوریا رائے ہیں، نہ ہی دپیکا، پریانکا، کترینہ اور عالیہ، بلکہ وہ اداکارہ ہیں جو اب بہت کم فلموں میں نظر آتی ہیں اور آخری بار ان کی فلم 10 سال قبل ہِٹ ہوئی تھی۔ یہ اداکارہ شاہ رخ خان کے ساتھ بہت سی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
یہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ جوہی چاولہ ہیں جو کہ 4 ہزار 600 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، اسی وجہ سے یہ بھارت کی امیر ترین اداکارہ ہیں۔
خیال رہے کہ جوہی چاولہ کے علاوہ کوئی بھارتی اداکارہ 1000کروڑ کلب میں شامل نہیں ہیں۔
90 کی دہائی سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی جوہی چاولہ نے متعدد ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔ جوہی چاولہ نے 1995 میں بھارتی صنعت کار جے مہتا سے شادی کی تھی جن سے اب ان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
سن 2000 میں جوہی چاولہ نے فلم پروڈکشن کے شعبے میں قدم رکھا، وہ شاہ رخ کی کمپنی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ میں پارٹنر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی آئی پی ایل کی امیر ترین ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی شریک مالک ہیں۔