Time 20 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بالی وڈ میں کام کیلئے ’سمجھوتہ‘ کرنے کا کہا گیا: سابق مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر کا انکشاف

بالی وڈ میں کام کیلئے ’سمجھوتہ‘ کرنے کا کہا گیا: سابق مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر کا انکشاف
ملیالم فلم انڈسٹری میں ہیما کمیٹی رپورٹ جاری ہونے کے بعد اداکاراؤں کے انکشافات جاری ہیں لیکن اب یہ سلسلہ بالی وڈ میں بھی شروع ہوگیا— فوٹو:فائل

مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر 2022 رہنے والی بھارتی دوشیزہ و اداکارہ پریا پرمیتا پال  نے بھی فلم انڈسٹری میں کام کیلئے ’سمجھوتہ‘ کرنے کی پیشکش کا انکشاف کردیا۔

ملیالم فلم انڈسٹری میں ہیما کمیٹی رپورٹ جاری ہونے کے بعد اداکاراؤں کے انکشافات جاری ہیں لیکن اب یہ سلسلہ بالی وڈ میں بھی شروع ہوگیا۔

2022 میں مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر بننے والی اداکارہ پریا نے بھی فلمی کیرئیر میں پیش آنے والے واقعات سے پردہ اٹھا دیا۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پریا نے بتایاکہ مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر کا خطاب جیتنے کے بعد لگتا تھا فلمی دنیا میں اچھا کام ملے گا لیکن انڈسٹری میں پروڈیوسر سے لیکر کاسٹنگ ڈائریکٹر تک سب ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سشمیتا سے متاثر ہوکر مس یونیورس بننا چاہتی تھی لیکن میرا یہ خواب پورا نہ ہوا اور انجینیئرنگ کے بعد ملازمت کی جہاں ایک ساتھی کولیگ سے شادی کرلی لیکن دو سال میں ہی طلاق ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پھر مقابلہ حسن کیلئے خود پر محنت کی اور 2022 میں مس ورلڈ انٹرنیشنل ایمبیسڈر بنی، اسی دوران اداکاری کا شوق ہوا اور انوپم کھیر کے اسکول میں داخلہ لیا۔

پریا پال نے بتایاکہ آڈیشن کے دوران کئی کاسٹنگ ڈائریکٹرز سے ملاقات ہوئی اور تقریباً سب نے ہی کہا کہ مرکزی کردار کیلئے ’سمجھوتہ‘ کرنا پڑے گا، ایک بار تو پروڈیوسر نے بلا کر کہا کہ ریپ سین کرنا ہے تو اس کی ریہرسل کرنی ہے اور اس سین میں وہ ریپسٹ ہوگا اور آپ کو اداکاری کرنی ہے، اس پر فوراً ہی میں نے انکار کردیا۔

ایک اور واقعہ بتاتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھاکہ ایک پروڈیوسر نے ساتھ گھومنے کیلئے جانے کو کہا اور پھر وہ مسلسل بنگلے پر جانے کیلئے اصرار کرتا رہا لیکن میں نے اس کی پیشکش کا انکار کردیا اور پھر مجھے کبھی اس فلم کیلئے کال نہیں آئی۔

خیال رہے کہ پریا پرمیتا پال 200 سے زائد آڈیشن دے چکی ہیں اور اب تک کچھ اشتہارات اور مختصر فلموں میں ہی اداکاری کرسکی ہیں۔

مزید خبریں :