Time 21 ستمبر ، 2024
پاکستان

علی امین گنڈاپور نےغصے میں کلاشنکوف سے ٹرک کے شیشے توڑ دیے

پی ٹی آئی لاہور کے جلسے میں قافلے کے ہمراہ شرکت  کے لیے آنے والے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے غصے میں کلاشنکوف سے ٹرک کے شیشے توڑ دیے۔

جیو نیوز کو موصول ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور  غصے میں کلاشنکوف کے بٹ مار کر ایک ٹرک کے شیشے توڑ رہے ہیں، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ٹرک کنٹینر کو لے کر کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے اسٹیج خالی کرادیا۔

پی ٹی آئی کا جلسہ ختم ہونے تک وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے مطابق جلسہ منتظمین جلسے کے اختتامی اوقات پرفوری عمل کریں، جلسہ ختم کرنے کا وقت 6 بجے تک تھا۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ ختم کرنے کے اوقات پر فوری عمل کیا جائے، این او سی کی خلاف ورزی پرقانون کےمطابق کارروائی کی جائےگی۔

جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔

پولیس نے مائیک اورلائٹس بندکرائیں۔ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہراسٹیج سے اترگئے۔

لائٹس بند ہونے پر شرکا جلسہ گاہ سے واپس جانے لگے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی جلسہ انتظامیہ کے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

مزید خبریں :