29 ستمبر ، 2024
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد لبنانی فوج کا بیان سامنے آگیا۔
لبنانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج کے مجرمانہ حملوں کے نتیجے میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ اور ایک ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔ یہ ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک خطرناک اور نازک دور ہے، اسرائیل اپنے تباہ کن منصوبوں کو انجام دینے اور لبنانیوں میں تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
لبنانی فوج نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد کو برقرار رکھیں اور ایسے اقدامات سے باز رہیں جو قومی وحدت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج کی قیادت ضروری حفاظتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اپنا قومی فریضہ انجام دے رہی ہے۔ شہریوں سے مطالبہ ہےکہ وہ ان اقدامات کا ساتھ دیں اور قومی اتحاد کے مطابق کام کریں، جو لبنان کی واحد ضمانت ہے۔
خیال رہے کہ حسن نصراللہ جمعے کی شب بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے گزشتہ روز حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔
اس کے علاوہ گزشتہ اتوار سے جاری اسرائیلی حملوں میں 1000 سے زائد لبنانی شہری جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مختلف شہروں پر حملے جاری ہیں۔
لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے بعد لوگ بڑی تعداد میں بے گھر ہو رہے ہیں اور نقل مکانی کرکے محفوظ علاقوں کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔
لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔