Time 29 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

اچھی صحت کے لیے ہر ہفتے کم از کم کتنی ورزش ضروری ہے؟

اچھی صحت کے لیے ہر ہفتے کم از کم کتنی ورزش ضروری ہے؟
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

صحت مند جسم اور دماغ کے لیے کم از کم کتنی ورزش کرنا ضروری ہے؟ اس کا جواب سائنسدانوں نے بتا دیا ہے۔

درحقیقت اگر آپ دائمی امراض سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں اور صحت اچھی بنانا چاہتے ہیں تو پورے ہفتے بہت زیادہ وقت ورزش کرنے کی ضرورت نہیں۔

درحقیقت ہفتے میں صرف ایک دن ورزش کرنے سے بھی آپ کی صحت کو اتنا ہی فائدہ ہوسکتا ہے جتنا پورے ہفتے کرنے سے ہوتا ہے، مگر جسمانی سرگرمیوں کا مجموعی دورانیہ 150 منٹ یا اس سے زائد ہونا چاہیے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی اس تحقیق میں 90 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

یہ ڈیٹا ان افراد کو ٹریکرز پہنا کر حاصل کیا گیا تھا تاکہ جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے کا علم ہوسکے اور یہ بھی معلوم ہوسکے کہ وہ کس وقت زیادہ جسمانی طور پر زیادہ سرگرم رہتے ہیں۔

ان افراد کو جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے کو مدنظر رکھتے ہوئے 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ ایسے افراد کا تھا جو روز ورزش کرنے کے عادی تھے، دوسرا گروپ ایسے افراد کا تھا جو ہر ہفتے ایک دن ورزش کرتے تھے، جبکہ تیسرا گروپ ہر ہفتے 150 منٹ سے کم جسمانی طور پر سرگرم رہنے والوں کا تھا۔

ان افراد کے طبی ریکارڈ کا تجزیہ کرنے کے بعد جسمانی سرگرمیوں اور دماغی صحت، نظام ہاضمہ، اعصابی اور دیگر جسمانی نظاموں کے 678 امراض کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں روزانہ ورزش کرنے یا ہفتے میں ایک بار ورزش کرنے کے عادی افراد میں 200 سے زائد امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ہفتے میں ایک بار ورزش کرنے سے آئندہ 6 برسوں کے دوران مختلف امراض جیسے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 23 سے 28 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اسی طرح ذیابیطس کا خطرہ 43 سے 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ روزانہ اور ہفتے میں ایک بار ورزش کرنے کے فوائد ایک جیسے ہونے سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں کا مجموعی دورانیہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پہلے ثابت ہوچکا ہے کہ ہر ہفتے ایک بار معتدل سے سخت ورزش کرنے سے دل اور خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ہفتے میں ایک بار ورزش کرنے سے بھی گردوں کے دائمی امراض سے لے کر ذہنی امراض تک، متعدد امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سرکولیشن میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل اگست 2024 میں جرنل نیچر ایجنگ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ مختلف دماغی امراض جیسے ڈپریشن اور انزائٹی سے تحفظ کے حوالے سے روزانہ ورزش کرنے یا ہر ہفتے ایک بار ورزش کرنے سے لگ بھگ ایک جتنا فائدہ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :