Time 30 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی میں سڑکوں کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جاری

کراچی میں سڑکوں کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جاری
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سڑکوں کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جاری کردیے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ  بارشوں کے بعد ہی شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا تھا، حکومت سندھ 1.5 بلین روپے کے ایم سی کو سڑکوں کی مرمت کیلئے جاری کر چکی ہے، کراچی کے مختلف منصوبوں پر 200 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن اور  یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ٹرانسپورٹ کے مسائل میں بہتری آئے گی، سندھ حکومت کراچی کے مسائل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، عوام کو سہولت فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے وفاق کے توسط سے چینی حکام سے بات چیت جاری ہے، انشااللہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت بہت جلد اپنے شہریوں کو کراچی سرکلر کا پروجیکٹ بھی دے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کے مکمل ہونے سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور کنجیکشن کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا جبکہ کراچی پورٹ سے جام صادق برج تک ایک اور ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، روڈ سیکٹر، سیف سٹی اور کے فور جیسے پروجیکٹس مکمل ہونگے تو کراچی ایک عظیم شہر بن جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا نصب العین عوام کی خدمت اور صرف خدمت ہی ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ایسے پروجیکٹس مکمل کیے ہیں جس سے صوبے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو فائدہ ہوا ہے۔

مزید خبریں :