30 ستمبر ، 2024
چائے ایک ایسا مشروب ہے جسے پاکستان میں بہت زیادہ پیا جاتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اسے پینے سے دماغی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے؟
جی ہاں واقعی چائے یا کافی کی مخصوص مقدار پینے سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
جرنل Scientific Reports میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے یا کافی کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔
مگر اس کے لیے مخصوص مقدار میں چائے یا کافی کا استعمال ضروری ہے۔
اس تحقیق میں 4 لاکھ 53 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ چائے یا کافی پینے اور ڈیمینشیا کے خطرے کے درمیان تعلق موجود ہے یا نہیں۔
تحقیق میں شامل 50 فیصد افراد ہائی بلڈ پریشر کے شکار تھے اور ان سب کی صحت کا جائزہ 15 سال تک لیا گیا۔
تمام عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے دریافت کیا کہ چائے اور کافی کے استعمال سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ڈیڑھ کپ کافی یا 4 سے 5 کپ چائے سے ڈیمینشیا کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
محققین کے مطابق چائے یا کافی کے استعمال سے دماغی تنزلی کا خطرہ نہیں بڑھتا۔
درحقیقت زیادہ چائے یا کافی کے استعمال سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہی ہوتا ہے، بڑھتا نہیں۔
مگر محققین کا کہنا تھا کہ چائے یا کافی میں موجود کیفین کی زیادہ مقدار کا استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے دیگر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ غذاؤں کا استعمال کس حد تک دماغی صحت پر اثرات مرتب کرتا ہے۔