01 اکتوبر ، 2024
امریکا نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر خطے میں اپنے فوجی اثاثوں میں مزید اضافہ کردیا۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا نے مشرق وسطیٰ میں جن فوجی اثاثوں میں اضافہ کیا ہے ان میں جدید ملٹری جہاز اور ڈرونز شامل ہیں۔
امریکی اخبار کا کہنا ہےکہ فلسطین اور اس کی حمایت یافتہ تنظیموں کی کڑی نگرانی ہوگی اور اسرائیل پر کسی بھی حملے کا جواب دیا جائے گا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی ائیر فورس کے ایف 16، ایف 15 ای اور اے 10جنگی طیارے بڑھانےکا منصوبہ ہے جس کی امریکی محکمہ دفاع نے فوری منظوری دے دی ہے۔
امریکی اخبار نے مزید کہا کہ امریکا اسرائیل کو میزائل اور ڈرون حملے سے محفوظ بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہےکہ اپریل میں ایرانی میزائل اور ڈرونز حملے روکنے میں امریکی طیاروں نے اہم کردار ادا کیا تھا، ایرانی میزائل کو فضا میں امریکی طیاروں ایف 15 ای اور ایف 16 نے نشانہ بنایا تھا۔