Time 08 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

فزکس کا نوبیل انعام چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ماڈل کو ممکن بنانے والے 2 سائنسدانوں کے نام

فزکس کا نوبیل انعام چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ماڈل کو ممکن بنانے والے 2 سائنسدانوں کے نام
امریکا اور کییڈا سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کو یہ انعام دیا گیا / رائٹرز فوٹو

سوئیڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے 2024 کے لیے فزکس کا نوبیل انعام 2 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر کیے جانے والے کام پر یہ انعام دیا جا رہا ہے۔

جان ہوپ فیلڈ امریکا کی پرنسٹن یونیورسٹی جبکہ جیفری ہنٹن کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

رائل اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں سائنسدانوں نے ایسے طریقہ کار تشکیل دیے جو موجودہ عہد کے طاقتور مشین لرننگ ٹولز کی بنیاد ثابت ہوئے۔

دونوں کے تحقیقی کام سے اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی کی تیاری میں مدد ملی۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق اگرچہ کمپیوٹر سوچ نہیں سکتے مگر اب یہ مشینیں یادداشت اور سیکھنے جیسی انسانی صلاحیتوں کی نقل کر رہی ہیں اور ان دونوں سائنسدانوں نے اسے ممکن بنانے میں مدد کی۔

بیان میں کہا گیا کہ فزکس کے بنیادی تصورات اور طریقوں کو استعمال کرکے ان دونوں نے ایسی ٹیکنالوجیز تیار کیں جو تفصیلات کا تجزیہ کرنے کے لیے نیٹ ورکس اسٹرکچرز کو استعمال کرسکتی ہیں۔

جیفری ہنٹن کو اے آئی کا گاڈ فادر بھی کہا جاتا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ نوبیل انعام ملنے پر بہت زیادہ حیران ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی آنے والے برسوں میں ہمارے معاشرے پر بہت زیادہ اثرات مرتب کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کا موازنہ صنعتی انقلاب سے کیا جا سکتا ہے مگر یہ لوگوں کی جسمانی مضبوطی کو بڑھانے کی بجائے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی، ہمیں کوئی تجربہ نہیں کہ ہم سے زیادہ ذہین چیزیں کیسی ہوسکتی ہیں۔

جیفری ہنٹن نے پیشگوئی کی کہ یہ ٹیکنالوجی طبی نگہداشت سمیت متعدد شعبوں میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔

نوبیل انعام کے ساتھ دی جانے والی 11 لاکھ ڈالرز انعامی رقم بھی دونوں سائنسدانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

اس سے قبل 7 اکتوبر کو نوبیل کمیٹی نے مائیکرو آر این اے اور اس کے افعال کی دریافت پر کام کرنے والے 2 سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو فزکس، 9 اکتوبر کو کیمسٹری اور 10 اکتوبر کو ادب کے نوبیل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔

امن کے نوبیل انعام کا اعلان 11 اکتوبر جبکہ معیشت کا نوبیل انعام 14 اکتوبر کو دیا جائے گا۔

مزید خبریں :