Time 31 اکتوبر ، 2024
پاکستان

اس حکومت کی کوئی ساکھ نہیں ، یہ زیادہ دیر نہیں چل سکتی: اسد قیصر

پشاور: پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہےکہ یہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہزیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتےہوئے اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا وقت بہت محدود ہے، عوام اوربین الاقوامی سطح پران کی کوئی ساکھ نہیں اور   یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے جو نئے صدر بنے ہیں ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ آزاد عدلیہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ 

سابق اسپیکر کا کہنا تھاکہ عمران خان کے خلاف جتنے کیسز ہیں کمزور ہیں اس پر سزا ہونا ممکن نہیں ہے اور ہمیں انصاف ملنے کی توقعات ہیں، عمران خان پر سیاسی مخالفت کی بنیاد پرکیسز بنائے گئے ہیں، ہم قانونی جنگ بھی لڑیں گے اورعوامی اسمبلی بھی لگائیں گے، جتنےفورمز ہیں سب میں اپنی جدوجہد آگے بڑھائیں گے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہمیں انصاف ملنے کی توقعات ہیں، ذاتی مسائل کی وجہ سے عمران خان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور یہ معاملہ لمبا نہیں کیا جاسکتا، آج ہماری میٹنگ ہے جس میں ہم فیصلہ کریں گے کہ جدوجہد کا کونسا طریقہ اپنانا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دیگر جمہوری پارٹیوں کو بھی جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں  اور ملک میں لاقانونیت کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں ان کو اپنے ساتھ شامل کریں گے اور ان کے ساتھ جلد ہی بیٹھک کریں گے۔

مزید خبریں :