28 نومبر ، 2024
جنوبی افریقا میں 16 سال سے مقیم ایک پاکستانی جعلی ویزے پر دبئی سے ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد سیالکوٹ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
امیگریشن حکام کے مطابق مسافر توصیف شہزاد 23 نومبر کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے وزٹ ویزے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کیلئے روانہ ہوا۔
حکام کے مطابق دبئی میں ٹرانزٹ قیام کے دوران مسافر نے باکو کے لیے اپنی اگلی فلائٹ جان بوجھ کر چھوڑ دی اور اپنے پاکستانی پاسپورٹ پر ٹیمپرڈ ساؤتھ افریقن وزٹ ویزا پر جنوبی افریقا کیلئے بورڈنگ لینے کی کوشش کی۔
دبئی امیگریشن حکام نے مسافر کو روک کر چھان بین کے دوران اس کے جنوبی افریقا کے ویزے کو جعلی قرار دیا، دبئی حکام نے مسافر کو اگلی دستیاب پرواز سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کر دیا جسے سیالکوٹ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا اور پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے بتایا کہ وہ 16 سال سے جنوبی افریقا میں مقیم ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس کا آخری ویزا 26 دسمبر 2022 کو ختم ہو گیا تھا اس نے 30 ہزار رینڈ اور 5 لاکھ روپے دے کر کیپ ٹاؤن میں مقیم ایجنٹ اسد شاہ سے ویزا حاصل کیا تھا جو جعلی نکلا، مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافر کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرانوالہ منتقل کردیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔