Time 16 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

بظاہر عام محسوس ہونے والی وہ عادت جو دماغ کو جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے

بظاہر عام محسوس ہونے والی وہ عادت جو دماغ کو جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے
دماغ کو ہر عمر میں صحت مند رکھنا زیادہ مشکل نہیں / فائل فوٹو

اگر آپ ہر عمر میں اپنے دماغ کو صحت مند اور ڈیمینشیا جیسے مرض سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو ٹیلی ویژن (ٹی وی) ریموٹ کو چھوڑ کر کسی کتاب کو اٹھالیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ساؤتھ آسٹریلیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دماغ کی طویل المعیاد صحت کے حوالے سے ہمارا انتخاب بہت اہم ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 60 سال سے زائد عمر کے لگ بھگ 400 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کی 24 گھنٹوں کی سرگرمیوں کا تجزیہ کرنے پر دریافت ہوا کہ آپ کی سرگرمیاں دماغی صحت کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔

درحقیقت کئی بار دماغی افعال کے لیے کچھ وقت تک بیٹھ کر وقت گزارنا بہتر ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران بیٹھ کر وقت گزارنے کے دوران کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لینے پر دریافت ہوا کہ سماجی یا دماغی طور پر متحرک کرنے والی سرگرمیاں جیسے مطالعہ، موسیقی کو سننا، عبادت کرنا یا دیگر افراد سے بات چیت کرنے سے یادداشت اور سوچنے کی صلاحیتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں ٹی وی دیکھنے یا ویڈیو گیمز کھیلنے سے منفی اثرات مرتب ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین کا ماننا ہے کہ تحقیق کے نتائج بہت اہم ہیں کیونکہ طرز زندگی کے عناصر میں تبدیلیاں لاکر ڈیمینشیا کے کم از کم 45 فیصد کیسز کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت کے حوالے سے تمام رویے نقصان دہ نہیں، خاص طور پر جب یادداشت اور سوچنے کی صلاحیتوں کی بات کی جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس تحقیق میں ہم نے دریافت کیا کہ مختلف سرگرمیوں سے دماغی افعال پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی جانتے ہیں کہ جسمانی سرگرمیاں ڈیمینشیا کے خطرے سے بچانے کے لیے اہم ہوتی ہیں اور ہمیں دماغی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ورزش کرنی چاہیے، مگر ہم نے اب تک یہ جائزہ نہیں لیا تھا کہ بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت کے دوران کونسی عادت اپنانے سے دماغی صحت کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

محققین کے مطابق ہم نے دریافت کیا کہ مطالعے یا دوستوں سے بات کرنے سے دماغی افعال کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ ٹی وی دیکھنے یا گیمنگ سے منفی اثر ہوتا ہے، تو ہر طرح کی سرگرمی کی اپنی اہمیت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج Journals of Gerontology, Series A: Biological Sciences and Medical Sciences میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :