16 دسمبر ، 2024
فیصل آباد میں پیزے کے شوقین ڈاکوؤں نے ایک اور ڈلیوری بوائے سے پیزا چھین لیا۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پیزا خور ڈاکوؤں کی یہ چوتھی واردات ہے مگر پولیس ڈاکوؤں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
پولیس کے مطابق تھانہ مدینہ ٹاؤن کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے پیزا ڈلیوری بوائےکو لوٹ لیا۔
امان اللہ نامی پیزا ڈلیوری بوائے نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اس سے پیزا، پیزا بیگ، موبائل فون اور تین ہزار روپے چھین لیے، ڈاکو لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس نے تھانہ مدینہ ٹاؤن میں واردات کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس سے قبل بھی پیزا خور ڈاکو تھانہ صدر اور مدینہ ٹاؤن کے علاقوں میں پیزا چھیننےکی تین وارداتیں کر چکے ہیں، پولیس ابھی تک ان ملزمان کو پکڑنے میں ناکام ہے۔