22 دسمبر ، 2024
رواں سال دنیا بھر میں کرپٹو کرنسیز کی مد میں مجموعی طور پر 2.2 ارب ڈالر چوری کیے گئے، چوری کی وارداتوں میں مغربی ایشیائی ملک کے ہیکرز سب سے آگے رہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کرپٹوں کرنسیز کی چوریوں میں شمالی کوریا کے ہیکرز نے 1.3 ارب ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسیز چرائیں جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنی رقم ہے۔
تحقیقاتی ادارے چینالیسس کی رپورٹ کے مطابق کچھ واقعات میں شمالی کوریا کے ہیکرز نے خود کو ریموٹ آئی ٹی ورکر ظاہر کر کے کرپٹو اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
رواں سال ہیکرز کی جانب سے چرائی جانے والی کرپٹو کرنسی کی مالیت گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ رہی لیکن یہ اب بھی 2021 اور 2022 میں چرائی گئی رقم سےکم ہے۔
رواں سال کرپٹو کرنسی کی چوری کے چند بڑے واقعات میں جاپانی کرپٹو ایکسچینج ڈی ایم ایم بٹ کوائن سے 30 کروڑ ڈالر کے بٹ کوائن کی چوری اور بھارت کے ایک کرپٹو ایکسچینج سے تقریباً 23 کروڑ ڈالر کی چوری شامل ہے۔
امریکی حکومت کے مطابق، شمالی کوریا کی حکومت بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے اور مالی وسائل کے حصول کے لیے کرپٹو کرنسی کی چوری اور دیگر سائبر کرائمز کا سہارا لیتی ہے۔
گزشتہ ہفتے امریکی عدالت نے شمالی کوریا کے 14 شہریوں پر امریکی کمپنیوں سے فنڈز بٹورنے اور ان کے شمالی کوریا کے ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے استعمال میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔