21 دسمبر ، 2024
ملک میں آن لائن فراڈ کے ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں تاہم ایف آئی اے، پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے دادرسی نہ ہونے کے برابر ہے۔
جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں آن لائن فراڈ کا شکار افراد کی بے بسی کا مسئلہ اٹھایا گیا۔
اس دوران انکشاف ہوا کہ ایف آئی اے میں ہزاروں شکایات آتی ہیں لیکن بمشکل چند سو کا معاملہ ایف آئی آر تک پہنچتا ہے۔
آن لائن فراڈ کا نشانہ بننے والوں کو انصاف ملنا اور ازالہ ہونا تقریباً ناممکن نظر آتا ہے۔
سی پی ایل سی کے سابق سربراہ احمد چنائے اور سندھ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس وجیہ الدین احمد بھی آن لائن فراڈ کا شکار ہونے والوں میں شامل ہیں۔
احمد چنائے نے جیو نیوز کو بتایا کہ سی پی ایل سی کا سربراہ رہنےکے باوجود وہ ایک ماہ سے انصاف کے لیے بھاگ رہے ہیں مگر کہیں داد رسی نہیں ہو رہی ۔
آئی ٹی ایکسپرٹ رانا شہزاد قیصر نے بتایا کہ ہیکرز شہریوں میں موجود لالچ کے عنصر کا فائدہ اٹھا کر لوٹتے ہیں، جلد دولت مند بننے کی خواہش انہیں ہیکرز کے لیے آسان شکار بناتی ہے۔