24 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر آئی جی اسلام آباد نے 11 ملزمان کو نوٹس جاری کردیے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر جرائم کی روک تھام کے لیے ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی جی پولیس کے ماتحت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹس میں ملزمان کو طلب کیا گیا۔ ملزمان نے سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈےکے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلایا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جے آئی ٹی ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے پسِ پردہ مقاصدکا تعین کرنےکے لیے تحقیقات کر رہی ہے، مزید مجرموں کی شناخت اور ان کے خلاف قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے پاس ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔