27 دسمبر ، 2024
کمپیوٹر سائنسدان جیفری ہنٹن کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا گاڈ فادر قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے 2024 میں اے آئی ٹیکنالوجی پر کیے جانے والے کام پر فزکس کا نوبیل انعام جیتا تھا۔
کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے جیفری ہنٹن کے مطابق ہمیں اے آئی ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے حوالے سے بہت محتاط رہ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ٹیکنالوجی بہت خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی میں آنے والی تبدیلیوں کی رفتار ان کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔
جیفری ہنٹن کے تحقیقی کام نے مشین لرننگ کی بنیاد رکھی تھی اور یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جس سے کمپیوٹرز کو انسانی ذہانت کی نقل کرنے میں مدد ملی۔
مگر وہ حالیہ برسوں میں اے آئی ٹیکنالوجی کو محفوظ بنانے کی مہم چلا رہے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں قوانین کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو اے آئی کو برے کاموں کے لیے استعمال کرنے سے روک سکیں۔
2023 میں انہوں نے گوگل کی ملازمت کو یہ کہہ کر چھوڑ دیا تھا کہ برے عناصر اس ٹیکنالوجی کو دیگر افراد کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
اس نئے انٹرویو میں جب ان سے اے آئی میں پیشرفت کے حوالے سے پوچھا گیا کہ تو ان کا کہنا تھا کہ 'اس وقت اس شعبے کے بیشتر ماہرین کا خیال ہے کہ کچھ وقت بعد ممکنہ طور پر اگلے 20 برسوں کے اندر ہم ایسے اے آئی سسٹمز تیار کرلیں گے جو انسانوں سے زیادہ ذہین ہوں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ خوفزدہ کر دینے والا خیال ہے، ابھی آپ ایسا سوچ سکتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی کسی 3 سالہ بچے کی طرح ہے اور بچے بہت تیزی سے بڑے ہوتے ہیں'۔
جیفری ہنٹن کے مطابق ان کے خیال میں اے آئی سے دنیا پر مرتب اثرات صنعتی انقلاب سے ملتے جلتے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی انقلاب کی وجہ سے انسانی مضبوطی ایک جگہ رک گئی کیونکہ ہم زیادہ طاقتور مشینوں پر انحصار کرنے لگے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اب ہم کچھ ایسا دوبارہ کر رہے ہیں جو انسانی ذہانت کی جگہ لے گا اور عام انسانی ذہانت مزید پیشرفت نہیں کرسکے گی بلکہ مشینیں آگے بڑھیں گی'۔
جب ان سے پوچھا کہ ان کے خیال میں اگلے 10 یا 20 سال بعد زندگی کیسی ہوگی تو ان کا کہنا تھا کہ 'اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ہمارے سیاسی نظام اس ٹیکنالوجی کے ساتھ کیا کرتے ہیں'۔
ان کے خیال میں اس ٹیکنالوجی سے طبی شعبے میں حیرت انگیز اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور یہ لگ بھگ ہر صنعت کی افادیت بڑھا سکتی ہے، مگر اس کی پیشرفت کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
جیفری ہنٹن نے بتایا کہ انہیں ڈر ہے کہ اے آئی اس وقت معاشرے کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے جب اس کی وجہ سے متعدد افراد ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے اور تمام فوائد امیر افراد کو حاصل ہوں گے۔