02 فروری ، 2025
واٹس ایپ نے ون آن ون چیٹس کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرایا ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کے اس نئے فیچر سے صارفین کو کسی دوست یا رشتے دار سے ون آن ون چیٹ کے دوران ایونٹ آرگنائز کرنے میں مدد ملے گی۔
یعنی صارفین کے لیے اکٹھے کسی کام یا تقریب کی منصوبہ بندی کرنا آسان ہو جائے گا اور دیگر ایپس کی ضرورت نہیں رہے گی۔
wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر پہلے واٹس ایپ گروپ چیٹس اور کمیونیٹیز میں دستیاب تھا مگر اب سے ون آن ون چیٹ کا بھی حصہ بنایا گیا ہے۔
ابھی یہ فیچر بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور بنیادی طور پر واٹس ایپ کی جانب سے گوگل کیلنڈر یا ایسی دیگر ایپس کو ٹکر دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین اپنے دوست کے ساتھ کسی ٹاسک کی ڈیڈلائن کو طے کرسکیں گے۔
یعنی آپ واٹس ایپ پر ایونٹ سیٹ کر دیں گے جس کے بعد یہ ایپ دونوں کو بیک وقت اس بارے میں یاد دلائے گی۔
جب آپ کسی کو ایونٹ کے لیے مدعو کریں گے تو یہ اس کی مرضی ہوگی کہ وہ اسے قبول کرے یا نہ کرے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، ابھی یہ کہنا مشکل ہے۔