03 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، دھماکوں کی آوازیں کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں، رہائشی عمارتوں ، دکانوں اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، فلیٹس میں آگ لگ گئی۔کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے جن کی آوازیں کئی کلو دور تک سنی گئیں، جس کے بعد قریبی 2 عمارتوں اور کئی دکانوں میں آگ لگ گئی، کئی فلیٹس کی بیرونی دیواریں گر گئیں جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بھی چلی گئی جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔ نمائندگان جیو نیوز کے مطابق دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی 24 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ مزید زخمیوں کی اسپتال آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارتوں کے ملبے میں سے بھی2 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے مزید افراد بھی ملبے میں دبے ہوسکتے ہیں۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ نمائندگان کے مطابق جناح اسپتال میں 3 لاشیں اور 7 زخمی، عباسی اسپتال میں 2 لاشیں اور 10 زخمی جبکہ پٹیل اسپتال میں 7 لاشیں اور 7 زخمیں افراد لائے گئے ہیں، زخمیوں اور جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک درجن سے زائد دکانیں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے کی جگہ آگ لگی ہوئی ہے، آگ بجھانے کیلئے فائر ٹینڈرز طلب کرلئے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی سچل قمر احمد کا کہنا ہے کہ ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب 2 دھماکے ہوئے جن میں ایک موٹر سائیکل کے ذریعے کیا گیا، دھماکے میں نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا جو مغرب کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ایک دھماکا عباس ٹاوٴن کے داخلے دروازے کے قریب ہوا جبکہ دوسرا دھماکا گاڑی کا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔