Time 04 فروری ، 2025
صحت و سائنس

موبائل فون کا استعمال کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے یا نہیں؟ نئی تحقیق کے نتائج سامنے آگئے

موبائل فون کا استعمال کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے یا نہیں؟ نئی تحقیق کے نتائج سامنے آگئے
یہ عالمی ادارہ صحت کے زیرتحت اس حوالے سے ہونے والی دوسری تحقیق ہے / فائل فوٹو

متعدد افراد کا خیال ہے کہ موبائل فون کے استعمال سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اب عالمی ادارہ صحت کے زیرتحت ہونے والی ایک تحقیق میں اس سوال کا جواب دیا گیا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ نہیں۔

جرنل انوائرمنٹل انٹرنیشنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ موبائل فون سے خارج ہونے والی ریڈیو ویوز اور کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کے درمیان کوئی تعلق موجود نہیں۔

آسان الفاظ میں موبائل یا اسمارٹ فون کے استعمال سے آپ میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ نہیں بڑھتا۔

یہ تحقیق آسٹریلین ریڈی ایشن پروٹیکشن اینڈ نیوکلیئر سیفٹی ایجنسی کے ماہرین نے کی۔

یہ موبائل فون اور کینسر کے درمیان تعلق کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے زیرتحت ہونے والی دوسری جامع تحقیق ہے۔

پہلی تحقیق کے نتائج 2024 میں جاری ہوئے تھے اور اس میں بتایا گیا تھا کہ موبائل فونز کے استعمال سے دماغی کینسر کا خطرہ نہیں بڑھتا۔

نئی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ ہم نے تمام دستیاب شواہد کا باریک بینی سے تجزیہ کیا اور یہ دیکھا کہ موبائل فونز، موبائل فون ٹاورز اور ان سے خارج ہونے والی ریڈیو ویوز اور کینسر کی متعدد اقسام کے درمیان کسی قسم کا تعلق موجود ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے کینسر کی تمام اقسام کے بارے میں سوچا تھا مگر ہم نے تحقیق میں ریڈیو ویوز اور خون، lymphoma، تھائی رائیڈ اور منہ کے کینسر کے درمیان ممکنہ تعلق کا جامع تجزیہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جامع تجزیے میں ہم نے ریڈیو ویوز اور کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کے خطرے میں کوئی تعلق دریافت نہیں کیا۔

محققین کے مطابق ہم موجودہ تحقیق کے نتائج کا موازنہ گزشتہ سال کی رپورٹ سے نہیں کرسکتے کیونکہ وہ موبائل فون کے استعمال اور دماغی کینسر کے خطرے کے حوالے سے تھی۔

محققین نے بتایا کہ ریڈیو ویوز سے صحت پر مرتب ہونے والے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تمام دستیاب شواہد کا تجزیہ کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے 5 ہزار سے زائد تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا منظم تجزیہ کیا اور پھر یہ نتیجہ نکالا۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس تحقیق کے نتائج پر گائیڈلائنز کو اپ ڈیٹ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :