05 فروری ، 2025
کیا آپ کو معلوم ہے کہ دن کا کونسا وقت ایسا ہوتا ہے جب ہم بہت اچھا محسوس کرتے ہیں خاص طور پر دماغی طور پر؟
اس کا جواب ہے کہ صبح وہ وقت ہے جب ہم بہت زیادہ اچھا محسوس کرتے ہیں۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں لگ بھگ 50 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جو مارچ 2020 سے مارچ 2022 کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لوگوں کی جانب سے دن کے شروع میں بہتر دماغی صحت کو رپورٹ کیا جاتا ہے، یعنی ڈپریشن کی علامات کا اثر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے جبکہ خوشی، زندگی پر اطمینان اور اپنی اہمیت کا احساس زیادہ محسوس ہوتا ہے۔
یہ واضح رہے کہ تحقیق میں صبح کے وقت اور دماغی صحت میں بہتری کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا مگر اس کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
محققین نے بتایا کہ دن کے مختلف اوقات لوگوں کی دماغی صحت اور شخصیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ صبح کے وقت ہمارا مزاج مستحکم ہوتا ہے جس دوران جذباتی اور دیگر معاملات کو نمٹانا آسان ہو جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں دوپہر یا سہ پہر کے وقت جسم میں تناؤ بڑھانے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح گھٹ جاتی ہے جس کے نتیجے میں ہمارا مزاج بھی متاثر ہوتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ کسی حد تک چڑچڑا پن طاری ہو جاتا ہے جبکہ اس وقت فیصلے کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔
اسی طرح شام کا آغاز ذاتی جذبات کے تجزیے کے لیے ممکنہ طور پر بہترین ہوتا ہے جبکہ یہ وقت دوسروں کی گفتگو دھیان سے سننے کے لیے بھی بہترین ثابت ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق اگرچہ دن بھر میں نفسیاتی تبدیلیاں آتی رہتی ہیں مگر مخصوص اوقات دماغی صحت کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ رات گئے تک جاگنے اور دوپہر میں اٹھنے کے عادی ہیں تو ضروری نہیں کہ اپنے طرز زندگی کو تبدیل کریں، کیونکہ رات گئے تک جاگنے والے افراد دماغی طور پر آدھی رات کو زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم جے مینٹل ہیلتھ میں شائع ہوئے۔