Time 07 فروری ، 2025
صحت و سائنس

کیا ہر ہفتے صرف ایک انڈہ کھانے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟

کیا ہر ہفتے صرف ایک انڈہ کھانے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟
انڈوں کو صحت کے لیے مفید مانا جاتا ہے / فائل فوٹو

ایسا مانا جاتا ہے کہ بہت زیادہ انڈے کھانے سے جسم میں بلڈ کولیسٹرول کی سطح بڑھتی ہے اور مختلف سنگین امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مگر اب تک ہونے والے تحقیقی کام میں متعدد بار اس خیال کو مسترد کیا گیا ہے۔

اب ایک اور نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انڈوں کو کھانے سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ قبل از وقت موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

موناش یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے صرف ایک انڈے کو کھانے سے بھی دل کی شریانوں سے جڑے امراض بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ فائدہ معمر افراد کو زیادہ ہوتا ہے اور انڈے ان کی دل کی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 8700 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی عمریں 70 سال یا اس سے زائد تھیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد ہر ہفتے ایک سے 6 انڈوں کا استعمال کرتے ہیں، ان میں کسی بھی وجہ (مرض) سے موت کا خطرہ ہر ماہ محض 2 بار انڈے کھانے والوں کے مقابلے میں 15 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اسی طرح ہارٹ اٹیک، فالج اور دل کے دیگر امراض سے موت کا خطرہ 29 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ہر ہفتے 6 انڈوں کا استعمال صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے اور مختلف امراض سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انڈوں کے استعمال سے جسم کو بی وٹامنز، فولیٹ، فیٹی ایسڈز، وٹامن اے، ڈی، ای اور K، کولین اور متعدد دیگر منرلز ملتے ہیں۔

تحقیق کے دوران ان افراد کو بھی کلینیکل ٹرائل کا حصہ بنایا گیا جن میں بلڈ کولیسٹرول کے عارضے کی تشخیص ہوئی تھی۔

محققین نے دریافت کیا کہ بلڈ کولیسٹرول کے عارضے کے شکار افراد اگر ہر ہفتے  ایک سے 6 انڈوں کا استعمال کرتے ہیں تو بھی ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشنز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :