10 فروری ، 2025
دن بھر دفتر یا دیگر مصروفیات کے باعث جوتے پہن کر گھومنے کے بعد گھر میں داخل ہونے کے بعد ننگے پیر فرش پر گھومنا اچھا خیال محسوس ہوتا ہے۔
کچھ افراد کو ایسا کرنا پسند نہیں ہوتا مگر کیا گھر میں جوتے پہن کر پھرنا صحت کے لیے زیادہ بہتر ہے یا ننگے پیر گھومنا؟
طبی ماہرین کے مطابق ننگے پیر گھومنے سے درحقیقت آپ کو کچھ حیران کن فوائد ہوتے ہیں مگر کچھ خطرات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ ننگے پیر گھومنا پیروں کے اندرونی مسلز کو مضبوط بنانے کا سادہ اور مؤثر طریقہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل جوتے پہن کر گھومنے سے یہ مسلز وقت کے ساتھ کمزور ہونے لگتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمر میں اضافے اور جوتوں کے استعمال سے ہمارے پیروں کے مسلز کی مضبوطی گھٹ جاتی ہے جس کے نتیجے میں بڑھاپے میں چلنا پھرنا مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھر میں ننگے پیر گھومنے سے مسلز متحرک رہتے ہیں جبکہ چلنے پھرنے کی صلاحیت بھی بہتر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس عادت سے جِلدی صحت بھی بہتر ہوتی ہے، کیونکہ ننگے پیر چلنے سے جِلد کو سانس لینے کا موقع ملتا ہے، نمی کم اکٹھی ہوتی ہے اور فنگل انفیکشن کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ جب آپ مختلف طرح کی سطح جیسے ٹائل، لکڑی یا قالین پر ننگے پیر چلتے ہیں تو اس سے پیروں کو سکون ملتا ہے اور آپ کی مجموعی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
ویسے تو اس عادت کے متعدد فوائد ہیں مگر کئی بار خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
مثال کے طور پر گرد یا کیمیکلز والی سطح پر چلنے سے الرجیز کا سامنا ہوسکتا ہے جس سے خارش ہونے لگتی ہے۔
اگر آپ نیچے دیکھ کر نہیں چلتے تو ننگے پیر چلنے سے ٹھوکر لگنے سے چوٹ لگ سکتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔