19 مارچ ، 2023
پاؤں کے انگوٹھے کے ناخن کا گوشت کے اندر بڑھنا یا اس میں دھنس جانا ایک عام مسئلہ ہے جو کافی تکلیف دہ ہوتا ہے۔
عموماً ایسا پاؤں کے انگوٹھے میں ہوتا ہے مگر کسی بھی انگلی میں ایسا ہو سکتا ہے اور عموماً اس مسئلے کا سامنا بار بار ہوتا ہے۔
اگر متاثرہ حصہ انفیکشن کا شکار ہو جائے تو خود علاج کرنے کی بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
اگر انفیکشن نہیں ہوا ہو تو پھر آپ گھر میں رہتے ہوئے چند طریقوں پر عمل کر سکتے ہیں جن سے تکلیف میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اس مسئلے سے دوبارہ بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
متاثرہ پاؤں کو نمک ملے گرم پانی میں روزانہ 2 بار 15، 15 منٹ کے لیے بھگو کر رکھیں۔
اس سے ناخن گوشت میں دھنس جانے سے ہونے والی تکلیف اور سوجن میں کمی لانے میں مدد ملے گی، البتہ بھگونے کے بعد فوری طو رپر پاؤں خشک ضرور کریں۔
پانی میں بھگونے سے ہٹ کر باقی وقت متاثرہ حصے کو نمی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
نیل فائل (nail file) یا ایسی کسی چیز کو استعمال کرکے نرمی سے ناخن کو جِلد سے ہٹانے کی کوشش کریں۔
ناخن اور جِلد کے درمیان صاف روئی کے چھوٹے ٹکڑے رکھنے سے دونوں کو الگ کرنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ جِلد کو بھی سہارا ملتا ہے۔
پانی یا جراثیم کش کلینر میں بھگو کر روئی کو استعمال کریں۔
متاثرہ حصے پر جراثیم کش مرہم کا استعمال کرنے سے انفیکشن کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
متاثرہ انگوٹھے کو بینڈیج سے ڈھانپنے سے اس جگہ کو زیادہ تحفظ ملتا ہے۔
اگر اس مسئلے کا سامنا ہے تو کھلے جوتے پہننے کی کوشش کریں اور تنگ جوتوں کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ اس سے ناخن پر دباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے انفیکشن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
عام درد کش ادویات کے استعمال سے تکلیف اور سوجن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
سیب کے سرکے کو ورم کش سمجھا جاتا ہے اور تکلیف میں بھی کمی آتی ہے۔
اسے استعمال کرنے کے لیے سیب کے سرکے کے ایک چوتھائی کپ کو گرم پانی میں ملا کر پاؤں 20 منٹ تک بھگو کر رکھیں۔
ایسا روزانہ ایک بار کریں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔