11 فروری ، 2025
پشاور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں کڑے احتساب کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر مشیر احتساب مصدق عباسی نے اینٹی کرپشن فورس ایکٹ تیارکرلیا ہے، اینٹی کرپشن فورس میں تین ونگز ہوں گے اور فورس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کریں گے، فورس میں 10 سے زیادہ افراد کو بھرتی کیا جائے گا جنہیں 4 ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی جب کہ پراسیکیوشن کا ڈی جی کنٹریکٹ بنیادوں بھرتی کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کرسکے گا، عوام سے دھوکا دہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات بھی اینٹی کرپشن کو حاصل ہوں گے جب کہ اینٹی کرپشن فورس میں نئی بھرتیاں کرکے ڈیوٹیشن عملے کو واپس بھیجا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایکٹ کے تحت انویسٹی گیٹر6 ماہ میں انکوائری مکمل کرےگا، 6 ماہ میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر ایک سال کا وقت دیاجائے گا اور ایک سال میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر بند کردی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ادارہ عدالتوں میں کیسز لڑنے کے لیے اپنے پراسیکیوٹر بھرتی کرے گا، معلومات دینے والے شہری اور اچھی تحقیقات کرنے والے افسران کوانعامات دیے جائیں گے جب کہ غلط کیس بنانے والے اہلکاروں کو 3 سے 7 سال کی قید ہوگی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر احتساب خیبرپختونخوا مصدق عباسی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین نے مجوزہ قانون کی منظوری دےدی ہے، اب اسکی جلدکابینہ سے منظوری لیں گے۔
مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، نئے قانون کے تحت کرپشن کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
واضح رہے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جس دوران بانی پی ٹی آئی کو کے پی میں کرپشن سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔