Time 17 فروری ، 2025
پاکستان

بتایا جائےشیر افضل مروت کو کیوں نکالا؟ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ارکان کا مطالبہ

بتایا جائےشیر افضل مروت کو کیوں نکالا؟ پی ٹی آئی  پارلیمانی پارٹی ارکان کا مطالبہ
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنےکے فیصلےکا دوبارہ جائزہ لینےکا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت، زرتاج گل، بیرسٹرگوہر، جنید اکبر اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق شیرافضل مروت نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جذباتی گفتگو کی اور کہا کہ مجھے بتایا جائےکہ مجھے کیوں نکالا؟

ذرائع کے مطابق  پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیرافضل مروت کو نکالنے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارلیمانی پارٹی ارکان نے مطالبہ کیا کہ ہم سب کو بتایا جائےکہ شیر افضل مروت کو کیوں نکالا؟

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اسے اندرونی سطح پرحل کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیرافضل مروت کے حق میں بانی پی ٹی آئی کو پیغام بھجوانےکا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں  پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے قومی اسمبلی کے رکن شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ شیر افضل مروت کو بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالاگیا، انہیں پارٹی کے خلاف بیانات دینے پر پہلے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے انہیں نکالنے کا اعلامیہ  بھی جاری کیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پارٹی نے شیر افضل مروت کے شوکازکےجواب کاجائزہ لیا اور جائزہ لینے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرشیرافضل مروت کوپارٹی سے نکال دیا۔

مزید خبریں :