Time 17 فروری ، 2025
صحت و سائنس

محض ایک رات کی اچھی نیند سے ہونے والے حیران کن فائدے کا انکشاف

محض ایک رات کی اچھی نیند سے ہونے والے حیران کن فائدے کا انکشاف
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

نیند کو صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے اور اب اس کا ایک اور فائدہ سامنے آیا ہے۔

صرف ایک رات کی اچھی نیند سے تکلیف دہ یا بری یادوں سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

York یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے تو اس سے دماغ کی بری یادوں کو مٹانے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جس کے نتیجے میں انزائٹی، ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق میں 18 سے 30 سال کی عمر کے 85 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں ایک رات لیبارٹری میں رات گزارنے کی ہدایت کی گئی۔

ان میں سے 50 فیصد افراد کو رات بھر جگا کر رکھا گیا جبکہ باقی افراد کو اچھی نیند کا مزہ لینے دیا گیا۔

محققین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ رات کو بیدار رہنے یا اچھی نیند سے بری یادوں اور خیالات کو دبانے کی دماغی صلاحیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

لیبارٹری میں گزارے جانے والی رات کے بعد ان افراد کو کسی مخصوص چہرے سے متعلق منظر کو ذہن میں دہرانے یا اسے دبانے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے بعد ان افراد کے دماغوں کا ایف ایم آر آئی اسکین کیا گیا تاکہ دماغی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ناقص نیند یا رات کو بیدار رہنے والے افراد کے دماغ کا وہ حصہ کم متحرک ہوتا ہے جو جذبات اور خیالات کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس کے مقابلے میں اچھی نیند سے دماغ کا وہ حصہ زیادہ متحرک ہو جاتا ہے اور بری یا تکلیف دہ یادوں کو دبانا آسان ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اچھی نیند بری یادوں کو دبا کر انزائٹی یا ڈپریشن سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

اس کے مقابلے میں ناقص نیند سے دماغی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ منفی خیالات یا یادوں کا غلبہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یہ پہلے سے جانتے ہیں کہ نیند کی کمی کے شکار افراد کو مختلف مسائل کا سامنا ہوتا ہے مگر اب علم ہوا کہ اس سے غیر ضروری یا تکلیف دہ یادوں سے نجات پانا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

اس سے قبل جون 2024 میں امریکا کی بیلور یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر رات نیند کے دورانیے میں اوسطاً 46 منٹ کا اضافہ غنودگی اور مزاج کے چڑچڑے پن کے مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔

اس کے مقابلے میں اوسطاً 37 منٹ کی نیند کی کمی سے شخصیت اور قوت ارادی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 90 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو رات کو دیر سے سونے، دوسرے کو جلد بستر پر جانے اور تیسرے کو کسی بھی وقت سونے کی ہدایت کی گئی اور پھر ایک ہفتے تک ان کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے بعد نیند کے دورانیے سے شکر گزاری، قوت ارادی اور شخصیت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند میں دورانیے میں اضافے سے شخصیت اور مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ نیند کے دورانیے میں معمولی اضافے سے بھی ہماری صحت اور شخصیت بہتر ہوتی ہے اور زندگی کے بارے میں اطمینان کا احساس بڑھتا ہے۔

مزید خبریں :