Time 22 فروری ، 2025
دنیا

رہائی کے وقت اسرائیلی یرغمالی کی حماس اہلکاروں کو ماتھے پر بوسہ دینےکی ویڈیو وائرل

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 602 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو  ریڈکراس کے حوالےکر دیا ہے۔

رہا کیےگئے 3 اسرائیلی یرغمالی نصیرات کیمپ میں ریڈکراس کے حوالےکیےگئے، تقریب کے دوران اسٹیج پر کھڑے تینوں اسرائیلیوں نے ہاتھ ہلاکر فلسطینیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایک اسرائیلی عومر شيم توف نے 2 حماس کے اہلکاروں کے ماتھوں پر بوسہ بھی دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور اسلامی جہاد کی جانب سے یرغمال بنائےگئے ان تینوں افراد نے 505 دن غزہ میں گزارے اور اب وہ اسرائیل میں پہنچ چکے ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام، مزاحمتی دھڑوں کے اتحاد کا عکاس ہے، فلسطینی عوام اور مزاحمتی دھڑوں کے درمیان ہم آہنگی گہری اور مضبوط ہے، آج یرغمالیوں کی حوالگی کے دوران عوام کی بڑی تعداد دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے نیا پیغام ہے۔

گزشتہ روز ایک بیان میں غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی پر فلسطینی اور اسرائیلی لاشوں کی حوالگی میں ’دوہرے معیارات‘ اپنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ اسماعیل ثوابتہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ ’جب ریڈ کراس اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں وصول کرتا ہے تو باضابطہ اور باوقار تقریبات منعقد کی جاتی ہیں لیکن فلسطینی شہدا کی لاشوں کو نیلے تھیلوں میں ڈال کر ٹرکوں میں لاد دیا جاتا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ کھلا امتیاز دوہرے معیارات کو ظاہر کرتا ہے اور انصاف اور مساوات کی فراہمی میں بین الاقوامی برادری کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے‘۔


مزید خبریں :