26 فروری ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کیلئے رجسٹری بنانے کا ارادہ کرلیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے غیر قانونی سرحدی نقل و حرکت پر قابو پانے کے لیے ایک وفاقی رجسٹری بنانے کا ارادہ کیا ہے، جس میں غیر قانونی تارکین وطن کو رجسٹریشن کرانے اور فنگر پرنٹ جمع کرانے ہوں گے۔
منگل کے روز امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے حکام کے بیان کے مطابق، 14 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی رجسٹریشن کروانی ہوگی۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق رجسٹری تارکین وطن کو اپنی ذاتی معلومات جمع کرانے یا جرمانے اور قیدکی سزا کیلئے ہوگی۔
واضح رہے کہ اقتدار سنبھالتے ہی ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے ایک وسیع کریک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد تارکین وطن کو امریکا بدر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سنا ہے یوکرینی صدرزیلنسکی جمعے کو دورہ کرنے آرہےہیں، یوکرینی صدر میرے ساتھ معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنا چاہتےہیں۔ یوکرین کیلئے امن دستوں کی ضرورت ہوگی۔