01 مارچ ، 2025
ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں کے مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا۔
کراچی، اسلام آباد، ملتان اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا، کیمرے کی آنکھ نے چاند کے مناظر محفوظ کرلیے۔
رمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئيں اور ملک بھر میں پہلی تراویح کی ادائيگی کی گئی۔
نماز عشا کے بعد مساجد میں تراویح کا سلسلہ جاری ہے، متعدد شہروں میں مختلف مقامات پر تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
اُدھر صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کو مبارک باد دی۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ معاشرے میں ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں، ضرورت مند افراد کا خاص خیال رکھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی دعاؤں میں مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھیں، ہمیں متحد ہو کر ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، یورپ اور امریکا میں آج پہلا روزہ ہے۔ بھارت، سری لنکا اور جاپان سمیت مختلف ممالک میں کل پہلا روزہ ہوگا۔