06 مارچ ، 2025
گوگل نے سرچ انجن کے لیے ایک تجرباتی اے آئی موڈ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
گوگل سرچ میں اے آئی موڈ فیچر کو متعارف کرانے کا مقصد چیٹ جی پی ٹی سرچ جیسی مقبول سروسز سے مقابلہ کرنا ہے۔
اس فیچر کے بارے میں رپورٹس فروری 2025 کے شروع میں سامنے آئی تھیں۔
اس وقت بتایا گیا تھا کہ گوگل سرچ میں اے آئی موڈ کی آزمائش اندرونی طور پر کی جا رہی ہے۔
اب گوگل کی جانب سے باضابطہ طور پر اے آئی موڈ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل کی جانب سے بتایا گیا کہ اے آئی موڈ کو صارفین کے پیچیدہ اور مختلف حصوں پر مبنی سوالات کے جوابات دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین گوگل سرچ کے اندر کسی بھی موضوع کی گہرائی میں جاکر جانچ پڑتال کرسکیں گے۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق اے آئی موڈ کو ابتدائی طور پر گوگل ون اے آئی پریمیئم سبسکرائبرز کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
اس فیچر کے لیے کمپنی کی جانب سے جیمنائی 2.0 کے کاسٹیوم ورژن کو استعمال کیا گیا ہے اور یہ فیچر ایسے سوالات کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جن کے لیے زیادہ جانچ پڑتال اور موازنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
گوگل نے بتایا کہ ماضی میں تفصیلی موازنے کے لیے متعدد بار سرچ کرنا پڑتا تھا مگر اب یہ کام بہت آسان ہو جائے گا۔
اے آئی موڈ کے ذریعے آپ ویب مواد تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے مگر اس کے ساتھ ساتھ رئیل ٹائم سورسز جیسے نالج گراف کا جائزہ لینا بھی ممکن ہوگا۔
گوگل عہدیداران کے مطابق ہم نے آزمائشی مراحل میں دیکھا تھا کہ لوگوں کو روایتی ویب سرچ کے دوران اپنے سوالات کے جوابات کے لیے کافی محنت کرنا پڑتی ہے، خاص طور پر ایسے سوال جن کے بارے میں مزید سوالات پوچھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی کو دیکھتے ہوئے ہم نے اے آئی موڈ کو تیار کیا۔