13 مارچ ، 2025
بیجنگ: چین میں پرائمری اور سکینڈری اسکولوں میں بچوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پڑھانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسکول کے بچوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس پڑھانےکا مقصد چین میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے کو مزید ترقی دینا اور اس کے لیے درکار ماہر افراد تیار کرنا ہے۔
بیجنگ میونسپل ایجوکیشن کمیشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ رواں سال کے آخر تک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے اسباق پرائمری اور سکینڈری اسکولوں کے نصاب میں شامل کردیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اسکول آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے اسباق کو ایک علیحدہ مضمون یا انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس جیسے مضامین کے ساتھ ملا کر بھی پڑھاسکیں گے۔
بیجنگ میں حکام یونیورسٹیوں اور سکینڈری اسکولوں کے درمیان مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے کے لیے مستقبل میں ماہرین تیار کیے جاسکیں۔
خیال رہےکہ چین کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس انڈسٹری نے رواں سال کے آغاز میں اس وقت عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی جب ایک چینی کمپنی ڈیپ سیک نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ کا نیا اور جدید ورژن جاری کرکے عالمی مارکیٹوں میں اپنا لوہا منوایا تھا۔
دنیا بھر میں اس کمپنی کے ڈیپ سیک آر 1 لارج لینگوئج ماڈل نے لوگوں کی توجہ حاصل کی جو بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آر 1 ماڈل اگر اوپن اے آئی (چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی) کے o1 سے بہتر نہیں تو کم بھی نہیں ہے۔
کمپنی نے آر 1 ماڈل کو محض 56 لاکھ ڈالرز میں تیار کیا اور یہی وجہ ہےکہ اس تک مفت رسائی دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے اس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس انڈسٹری میں امریکی کمپنی کی اجارہ داری کو سخت دھچکا پہنچایا ہے۔