21 مارچ ، 2025
اسلام آباد:خیبرپختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار سے متعلق کیس میں سیکرٹری تعلیم کی عدم حاضری پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔
سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی جس دوران جسٹس جمال مندوخیل نے سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس مندوخیل نے کہا سیکرٹری نہیں ہیں، آپ لوگوں نے مذاق بنایا ہوا ہے، ہماری عدالت کا گزشتہ آرڈر پڑھیں وہ کیا ہے، آپ لوگ اس عدالت کے احکامات کو اہمیت ہی نہیں دے رہے، ایک سیکرٹری اس عدالت کی بات نہیں سن رہا مذاق بنایا ہوا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پشاور سے سیکرٹری صاحب 2 گھنٹے میں آسکتے ہیں انہیں بلائیں، ہمیں ان کو بلانے کا طریقہ آتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کو 12 بجے طلب کر لیا۔