26 مارچ ، 2025
اگر آپ اکثر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں تو اب آپ اسے تصاویر بنانے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
امیجز ان چیٹ جی پی ٹی نامی فیچر کے ذریعے صارفین تحریری ہدایات دے کر اپنی پسند کی تصاویر اے آئی چیٹ بوٹ سے تیار کروا سکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی پلس، پرو اور ٹیم صارفین کے ساتھ ساتھ اس اے آئی چیٹ بوٹ کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے ایک ترجمان کے مطابق مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تصاویر تیار کرانے کی حد مقرر کی گئی ہے، مگر اس حوالے سے کوئی تعداد نہیں بتائی۔
البتہ چیٹ جی پی ٹی ایف اے کیو کے مطابق اس سروس کو مفت کرنے والے صارفین ڈیل ای 3 سے روزانہ 3 تصاویر تیار کروا سکتے ہیں، ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی میں بھی ایسا ہی ہوگا۔
جی پی ٹی 4o اے آئی ماڈل چیٹ جی پی ٹی کے اندر تصاویر تیار کرے گا۔
صارفین اے آئی چیٹ بوٹ کے ذریعے ٹیکسٹ بھی تصاویر کا حصہ بنا سکتے ہیں اور یہ اے آئی ماڈل زیادہ پیچیدہ ہدایات پر مبنی تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے ایکس (ٹوئٹر) میں ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ ایک حیرت انگیز ٹیکنالوجی ہے اور ہمارے خیال میں لوگ اسے پسند کریں گے۔
جی پی ٹی 4o اس کمپنی کا سب سے ایڈوانسڈ اے آئی ماڈل ہے اور یہ اسٹرکچر ٹیکسٹ، سمبل اور ڈایا گرامز کو بھی تصاویر کا حصہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس اے آئی ماڈل کا ایک خاص فیچر اس کا ملٹی ٹرن جنریشن ہونا ہے جس سے صارفین اپنی تصاویر کو اے آئی چیٹ جی بوٹ سے بات چیت کرتے ہوئے مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق صارفین کو اس فیچر کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر اخلاقی یا نقصان دہ تصاویر تیار کرنے کی درخواستوں کو رد کر دیا جائے گا۔