30 مارچ ، 2025
چیئرمین ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہےکہ عید سے قبل کراچی والوں کو سوگ میں ڈال دیا گیا ہے، ڈمپر نان کسٹم پیڈ اور اسمگل شدہ ہیں، انہیں مافیا طرز پر چلایا جاتا ہے، ایک سسٹم ڈمپر مافیا کو سپورٹ کرتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کے خون سے پورے رمضان سڑکیں لہولہان ہوتی رہی ہیں، سیکڑوں نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے گئے ہیں، تسلسل کے ساتھ ڈمپر سے ہلاکتیں ہوئی ہیں،کیا پیغام دیا جا رہا ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ڈمپر نان کسٹم پیڈ اور اسمگل شدہ ہیں، انہیں مافیا طرز پر چلایا جاتا ہے، ایک سسٹم ڈمپر مافیا کو سپورٹ کرتا ہے، چیف جسٹس کوخط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہےکہ اس پرسوموٹو لیں، عدالتیں ہمیں بتائیں کہ ہمیں انصاف کہاں سے ملےگا۔
چیئرمین ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ حکمران بتائیں، ریاست بتائے، وزیراعظم، صدر بتائیں کہ ہم کہاں جائیں؟ ہمارے احتجاج کو ہمیشہ غلط سمجھا جاتا ہے، ایم کیوایم حادثات میں جاں بحق افرادکے لیے پٹیشن دائر کرنے جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لیاری گینگ وار کی طرح اغوا برائے تاوان کی وارداتیں شروع ہوگئی ہیں۔