01 اپریل ، 2025
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں گزشتہ چار روز سے لگی آگ کو لوگوں نے تفریح کا ذریعہ سمجھ لیا۔
بعض شہریوں کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور شہری بچوں اور خواتین کو لے کر آگ دیکھنے پہنچ گئے۔
بھڑگتی آگ دیکھنے کے لیے پہنچنے والے شہریوں نے سیلفیاں بنائیں جبکہ موقع پر تعینات پولیس تماشا دیکھتی رہی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ خدشات کے پیش نظر فائر بریگیڈ عملہ بھی موقع پر موجود ہے۔
تیل وگیس ماہرین کا کہنا ہے کہ کورنگی کریک میں آگ گیس کے زیر زمین ذخیرے میں لگی ہوگی، یہ کم گہرائی میں موجود گیس کا چھوٹا ذخیرہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روز چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کا کہنا تھا کہ زمین سے میتھین گیس بہت پریشر سے نکل رہی ہے، اس وقت گیس کا جو دباؤ ہے اگر اُسے بجھانے کی کوشش کی گئی تو گیس علاقے میں پھیل جائے گی اور علاقہ مکینوں کو متاثر کرے گی۔
ہمایوں احمد کا بتانا تھا کہ گیس کے پریشر میں کمی آنے پر ہی آگ پر قابو پایا جاسکے گا، ایسی آگ پر قابو پانے میں دو سے تین دن بھی لگ جاتے ہیں۔