10 اپریل ، 2025
یورپی کمیشن کی صدر نے بھی امریکا پر جوابی ٹیرف کےنفاذ میں 90 روزہ وقفے کا اعلان کردیا۔
صدریورپین کمیشن کا کہناہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے ٹیرف کے نفاذ میں وقفے کے اعلان کا نوٹس لیا ہے، چاہتے ہیں کہ مذاکرات کو ایک موقع اور دیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کےجوابی اقدامات کو رکن ممالک کی بھرپور حمایت حاصل ہے لیکن ہم نے ان اقدامات کو 90 دن کے لیے مؤخر کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے گزشتہ روز امریکا پر جوابی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔
یہ ٹیرف گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے یورپی اسٹیل اور ایلومینیم پر عائد کردہ ڈیوٹیوں کے جواب میں نافذ کیے گئےتھے۔
جن امریکی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا گیا تھا ان میں مرغی، چاول، مکئی، پھل اور میوے، لکڑی، موٹرسائیکلیں، پلاسٹک، ٹیکسٹائل، پینٹنگز اور برقی آلات شامل تھے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جن مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا گیا ان میں سے زیادہ تر ری پبلکن اکثریت رکھنے والی امریکی ریاستوں میں تیار کی جاتی ہیں۔