22 اپریل ، 2025
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں لوٹ مار کا جتنا بازار گرم ہے اس کا مقابلہ ایف بی آر بھی نہیں کرسکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی کو ہزاروں ارب روپے کی قومی آمدن سے محروم کیا جارہا ہے، جتنا ریونیو اور آمدن کے پی ٹی سے مل سکتا ہے اتنا کام نہیں ہو رہا، کراچی پورٹ ٹرسٹ میں لوٹ مار کے سارے راستے بند کیے جارہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی میں جتنی قومی آمدن ضائع ہو رہی ہے اس کا مقابلہ ایف بی آربھی نہیں کرسکتا، کے پی ٹی سے جتنی ممکنہ آمدن ہو سکتی ہے اس کو بڑھایا جا رہا ہے، میں اس کمیٹی کاچیئرمین تھا جب یہ معاملہ میرے سامنے آیا،کرپشن کے سارے راستے بند کر دیےگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات کو اعلیٰ سطح پر دے دیا ہے، دہائیوں سے کے پی ٹی میں لوٹ مار میں یہ سب مصروف تھے، وہ ایساکام نہیں کرنے دے رہے تھے کہ ان کی لوٹ مار میں کوئی رکاوٹ آئے۔