21 مئی ، 2025
حالیہ مہینوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے ویڈیو تیار کرنے والے ٹولز پر بہت زیادہ کام ہو رہا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی بھی Sora کے نام سے ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ٹول تیار کر چکی ہے۔
اسی طرح گوگل کی جانب سے 2024 میں اسی طرح کا ٹول ویو کے نام سے تیار کیا گیا تھا۔
اب کمپنی کی جانب سے سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر ویو 3 ماڈل متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا جو کہ اس کے بقول گیم چینجر ثابت ہوگا۔
ابھی اس طرح کے ٹولز کی ویڈیو تو حیران کن حد تک حقیقی ہوتی ہیں مگر آڈیو کو شامل کرنا مسئلہ ہوتا ہے، مگر ویو 3 ٹول ویڈیو کے ساتھ ساتھ آڈیو تیار کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
جیمنائی اے آئی ماڈل پر مبنی ویو 3 صارفین کی تحریری ہدایات پر ایسی ویڈیوز تیار کرسکتا ہے جن میں ساؤنڈ ایفیکٹس، بیک گراؤنڈ کی آوازیں اور ڈائیلاگ وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔
گوگل ڈیپ مائنڈ کے چیف ایگزیکٹو Demis Hassabis نے اس موقع پر بتایا کہ ہم اب اے آئی ویڈیو جنریشن کے خاموش عہد سے باہر نکل رہے ہیں۔
ان کی بات غلط بھی نہیں کیونکہ ابھی کوئی اور اے آئی ویڈیو جنریشن ماڈل ویڈیو اور آڈیو بیک وقت تیار نہیں کرسکتا۔
یہ ابھی واضح نہیں کہ ویو 3 اوپن اے آئی کے ماڈل Sora کی طرح 4K ویڈیوز تیار کرسکتا ہے یا نہیں۔
گوگل نے بتایا کہ آپ کو اے آئی ماڈل کو تحریری ہدایات کے ذریعے کہانی بتانا ہوگی اور پھر ماڈل کی جانب سے ان الفاظ کو ویڈیو کی شکل میں زندگی دی جائے گی۔
یہ نیا اے آئی ویڈیو ٹول فی الحال سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے اور وہاں بھی صرف ان افراد کو دستیاب ہوگا جو جیمنائی ایپ میں ماہانہ 250 ڈالرز کے سبسکرپشن پروگرام کے صارفین ہیں۔
گوگل کی جانب سے ویو 2 ویڈیو جنریشن ماڈل میں بھی چند اپ ڈیٹس کرنے کا اعلان کیا گیا۔